بنگلورو،28؍نومبر(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے کہا ہے کہ ریاست کے 100 سے زائد تعلقہ جات خشک سالی کی لپیٹ میں ہیں ۔آنے والے تین چار ماہ کے دوران حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔ یہ ریاست بھر کے سرکاری افسروں کے لئے چیلنج ہے ، جس کا انہیں ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا۔
آج ودھان سودھا میں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں اور ضلع پنچایتوں کے چیف ایگزی کیٹیو افسروں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کمار سوامی نے کہاکہ بحران کی صورتحال میں عوام کی ضروریات کا خیال رکھنا افسروں کی ذمہ داری ہے، اس ذمہ داری کو دیانتداری سے ادا کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ 100 سے زائد تعلقہ جات کو خشک سالی سے متاثرہ قرار دیا گیا ہے۔ ان تعلقہ جات میں پینے کے پانی کی قلت نہ ہو ،مویشیوں کے لئے چارہ وافر مقدار میں دستیاب رہے یہ یقینی بنانا افسروں کی بنیادی ذمہ داری ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ راحت کاری کے لئے قدم اٹھانے کے مقصد سے افسروں کو وزیراعلیٰ یا نائب وزیراعلیٰ کا انتظار کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ہنگامی حالات میں افسروں کو اپنے اختیارات کا استعمال کرنا چاہئے۔ ضرورت پڑنے پر ضلع انچارج وزیر یا انچارج سکریٹری سے رابطہ کرکے ڈپٹی کمشنر قدم اٹھائیں۔
انہوں نے کہاکہ قومی روزگار ضمانت اسکیم کے تحت خشک سالی کے سبب بے روزگار ہونے والے افراد کو فوری طور پر روزگار فراہم کرنے کے لئے انتظامات کرنا افسروں کی پہلی ذمہ داری ہوگی، اس میں کسی بھی طرح کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنروں کو چاہئے کہ ہر گرام پنچایت سے تفصیلات طلب کی جائیں اور روزگار کا انتظام فوری طور پر کیا جا ئے تاکہ خشک سالی کے سبب دیہاتوں سے شہروں کی طرف نقل مکانی کو روکا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ افسروں کی ذمہ داری ہے کہ یہ یقینی بنائیں کہ حکومت کی نیک نامی متاثر نہ ہو۔ محکمۂ مالگزاری سے وابستہ افسروں کو وزیر اعلیٰ نے متنبہ کیا کہ ان کی طرف سے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں راحت کاری کے کاموں میں تساہل برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایاکہ خشک سالی سے نپٹنے کے لئے مرکزی حکومت نے 540 کروڑ روپیوں کا گرانٹ منظور کیا ہے۔ چند ماہ قبل کورگ میں تباہ کن سیلاب سے متاثرہونے والے افراد کی باز آباد کاری کے بارے میں کمار سوامی نے کہاکہ بے گھر افراد کو مکانوں کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے، تیزی سے اسے عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ میٹنگ میں نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر پرمیشور ، چیف سکریٹری ٹی ایم وجئے بھاسکر، وزراء ایچ ڈی ریونا، آر وی دیش پانڈے ، بینڈپا قاسم پور، سارا مہیش ، پریانک کھرگے ، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ، ضلع پنچایتوں کے چیف ایگزی کیٹیو افسروں ، تمام اڈیشنل چیف سکریٹریز ، مختلف محکموں کے پرنسپل سکریٹری اور سکریٹری ، اضلاع کے انچارج سکریٹری ، ڈویژنل کمشنرس وغیرہ موجود تھے۔